ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار ماجالی چیک پوسٹ پر اسپرٹ سپلائی کرنے والی لاری ضبط - رکن اسمبلی ستیش سئیل آبکاری افسر پر ہوئے گرم

کاروار ماجالی چیک پوسٹ پر اسپرٹ سپلائی کرنے والی لاری ضبط - رکن اسمبلی ستیش سئیل آبکاری افسر پر ہوئے گرم

Tue, 07 Nov 2023 13:01:39    S.O. News Service

کاروار 7 / نومبر (ایس او نیوز) کارخانے میں استعمال ہونے والی اسپرٹ کے نام پر شراب بنانے میں استعمال ہونے والی اسپرٹ  بیدر سے گوا کے لئے سپلائی کرنے کے شبہ میں ٹرک ضبط کرنے اور ڈرائیور کو تحویل میں لینے کا معاملہ اس وقت گرم ہوگیا جب رکن اسمبلی ستیش سئیل اور آبکاری افسر ایک دوسرے سے الجھ پڑے ۔

    موصولہ رپورٹ کے مطابق 4 نومبر کو ماجالی چیک پوسٹ پر آبکاری انسپکٹر نے گلوبل کیمیکلس نامی کمپنی کا ایک ٹرک ضبط کر لیا تھا جس میں 30 ہزار لیٹر اسپرٹ بھری ہوئی تھی اور اسے کارخانے تک پہنچانے کے بجائے گوا کے کانکون میں واقع ایک چھوٹے سے شیڈ میں خالی کیا جا رہا تھا ۔ جس سے سداشیوا کورتی نامی آبکاری آفیسر کو شک ہوا کہ کارخانے میں استعمال ہونے والا نان پورٹیبل (جو کھانے یا پینے میں استعمال نہیں ہو سکتا) اسپرٹ بتا کر شراب بنانے کے لئے استعمال ہونے والا پورٹیبل (کھانے پینے لائق) اسپرٹ سپلائی کیا جا رہا ہے ۔ اس لئے اس نے اپنے اعلیٰ افسران کو آگاہ کرنے کے بعد ٹرک ضبط کر لیا اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے اسپرٹ کی  اصلیت جانچنے کے لئے اس کے نمونے دھارواڑ اور بینگلورو کی لیباریٹریز کو روانہ کیے ۔ 

    معلوم ہوا ہے کہ رکن اسمبلی ستیش سئیل  نے ماجالی چیک پوسٹ پر پہنچ کر  کیس درج کیے بغیر دو دن تک ٹرک اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں رکھنے پر آبکاری آفیسر سداشیوا کو آڑے ہاتھوں لینے کی کوشش کی تو آبکاری افسر نے رکن اسمبلی کو منھ توڑ جواب دیتے ہوئے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام لگایا  ۔ دونوں کے درمیان سخت کلامی تیز ہوگئی مگر آبکاری آفیسر نے اسپرٹ کی جانچ رپورٹ آنے تک کوئی اقدام نہ کرنے اور تب تک ٹرک اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں رکھنے کو جائز قرار دیتے ہوئے ٹرک یا ڈرائیور کو کسی قیمت پر نہ چھوڑنے کی بات پر اڑ گیا۔ جس کے بعد  رکن اسمبلی کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا ۔ 


 


Share: